منگلورو 31؍دسمبر (ایس او نیوز) کینی گولی تعلقہ کے آئیکلا گرام میں گھر میں گھس کر تنہا عورت کا قتل کرنے اور زیورات لوٹ لیے جانے کی واردات پیش آئی ہے ۔مقتولہ کا نام وسنتی شیٹی (58سال) بتایا جاتا ہے جو اپنے شوہر سدھاما شیٹی کے دفتر چلے جانے کی وجہ سے ہمیشہ کی طرح گھر میں تنہا تھی۔
مقتولہ کے شوہرکے مطابق جو کہ ایک ایل آئی سی ایجنٹ ہے، دوپہر کے وقت اس کی بیوی نے موبائل پر اسے کال کیامگر کچھ بولنے سے پہلے ہی فون کٹ گیا۔ پھر رابطہ کرنے کی کوشش ناکام ہونے پر سدھاما نے اپنے دوست پرکاش شیٹی کو فون کرکے گزارش کی کہ وہ اس کے گھر جاکر خیریت معلوم کرے۔جب پرکاش شیٹی سدھاما کے گھر پہنچا تودیکھا کہ خون میں لت پت وسنتی کی لاش سامنے والے کمرے میں پڑی ہوئی ہے۔ اس نے پھر پڑوسیوں اور سدھاکو اس کی خبر دی۔قریب سے دیکھنے پر وسنتی کی گردن میں گہر ازخم بناہوا تھا۔ یہاں وہاں خون کے چھینٹے بکھرے ہوئے تھے۔ہاتھ اور گلے کے زیورات غائب تھے۔ الماریوں کے دروازے کھلے پڑے تھے اور سامان باہر بکھرا پڑا تھا۔
قتل کی اس واردات کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر آف پولیس اوما پرشانت،پانمبور اے سی پی راجیندرا،ملکی اسٹیشن ہاوس افیسراننتا پدمانابھن،موڈبیدری ایس ایچ اورامچندرا نائیک وغیرہ نے فنگر پرنٹ ماہرین اور ڈاگ اسکواڈ کے ساتھ جائے واردات پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ کیس درج کرنے کے بعد قاتلوں کے لئے تلاشی مہم شروع کردی گئی ہے۔